گروکل اسکولس کی کشادگی کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہری جھنڈی

   

حیدرآباد۔ 20 اکتوبر (پریس نوٹ) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست میں گروکل ؍ اقامتی اسکولس کی دوبارہ کشادگی کیلئے ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منعقد کئے جانے ہیں لہذا ریاستی حکومت نے گروکل اسکولوں کی کشادگی پر عائد حکم التواء ختم کرنے کی عدالت سے درخواست کی تھی۔ ایڈوکیٹ جنرل پرساد نے عدالت کو بتایا کہ اسکولوں کی کشادگی پر کورونا پروٹوکول پر عمل کیا جائے گا اور ہائی کورٹ کی منظوری کا انتظار تھا۔ حکم التواء کو ختم کرنے کیلئے حکومت کی درخواست پر ہائی کورٹ نے آج یہ فیصلہ کیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ریاست میں کورونا کے کیسیس میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کے اس جواب سے مطمئن ہوکر ہائی کورٹ نے گروکل اسکولوں کی کشادگی پر آئے حکم التواء ختم کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ کورونا پروٹوکول پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ وہ اس مقصد کی تکمیل کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔