گرو گرام میں 865 ملین ڈالرس مالیتی اپارٹمنٹس محض 3 دن میں فروخت

   

ابھی تعمیر تک شروع نہیں ہوئی ۔ ایک چوتھائی یونٹس غیر مقیم ہندوستانیوں نے خریدے
نئی دہلی : ہندوستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ ڈیولپر نے دہلی کے قریب 865 ملین ڈالرس مالیتی لکژری اپارٹمنٹس ‘ تعمیر سے قبل ہی ‘ فروخت کردئے ۔ امیر ہندوستانیوں نے چار بیڈرومس والے فلیٹس اور پینٹ ہاوز صرف تین دن میں خرید لئے ہیں۔ ڈی ایل ایف لمیٹیڈ نے جملہ 1,113 لکژری اپارٹمنٹس گروگرام میں صرف تین دن میں فروخت کردئے ۔ ایک چوتھائی فلیٹس اور اپارٹمنٹس غیر مقیم ہندوستانیوں نے خریدے ہیں۔ ڈی ایل ایف پریوانا ساؤتھ پراجیکٹ میں جملہ سات ٹاورس ہیں اور ان میں چار بیڈ روم اور پینٹ ہاوز یونٹس موجود ہیں۔ ڈیولپر نے یہ بات بتائی ۔ اپارٹمنٹس کامپلکس سٹیلائیٹ سٹی میں جملہ 116 ایکڑ اراضی پر محیط ہے جس میں کئی ملٹی نیشنل کمپنیاں بشمول گوگل اور امریکن ایکسپریس کے دفاتر بھی موجود ہیں۔ ڈی ایل ایف کے شئیرس گذشتہ ایک سال میں دوگنی قیمت پر پہونچ گئے ہیں اور 2008 کے بعد سے یہ سب سے اونچی سطح پر ہیں۔ ان مہینگے اپارٹمنٹس کی فروخت ہندوستان میں تیزی سے بڑھنے لگی ہے اور لوگ ‘ خاص طور پر امیر ترین ہندوستانی ‘ ان فلیٹس اور اپارٹمنٹس کی خرید کیلئے بھاری رقومات خرچ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں مہینگی اور لگژری کاروں کے خریدنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چونکہ ہندوستان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت بن رہا ہے ایسے میں لوگوں کی آمدنی کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ عوام کے رجحان کو دیکھتے ہوئے بلڈرس کی جانب سے بھی لگژری اور مہینگے اپارٹمنٹس کی فراہمی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ۔ دہلی ‘ ممبئی ‘ بنگلورو اور حیدرآباد جیسے شہروں میں ان اپارٹمنٹس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ رئیل اسٹیٹ بروکر کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر و کنسلٹنٹ نائیٹ فرینک غلام ضیاء کا کہنا ہے کہ لگژری اپارٹمنٹس اور فلیٹس کی مانگ میں جو اضافہ ہوا ہے وہ آئندہ دو سال تک برقرار رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف انتہائی دولتمند ترین افراد ہی نہیں خرید رہے ہیں بلکہ اپر مڈل کلاس طبقہ بھی ایسے اپارٹمنٹس کی خریدی کا رجحان رکھتا ہے ۔