واشنگٹن : امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ پاناما نہر اور گرین لینڈ کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کا استعمال کر سکتے ہیں۔فلوریڈا میں اپنے کیمپس مار لاگو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے ایک بار پھر پاناما کینال کے بارے میں اظہار خیال کیا جس نے حال ہی میں تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ پاناما نہر اور گرین لینڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے فوج کا استعمال نہ کرنے کا عہد کریں گے تو ٹرمپ نے کہا کہ نہیں، میں آپ کو یقین نہیں دلا سکتا شاید ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔یہ دلیل دیتے ہوئے کہ پاناما نہر امریکی فوج کے لئے بنائی گئی تھی لیکن آج یہ نہر چین چلا رہا ہے ، ٹرمپ نے کہا کہ پاناما نہر ہمارے ملک کے لئے اہم ہے۔ ہم نے یہ نہر پاناما کو دی لیکن آج اسے چین چلا رہا ہے۔دوسری جانب ٹرمپ نے دلیل دی کہ امریکہ کو کسی بھی طرح کینیڈا کی ضرورت نہیں ہے بلکہ کینیڈا کو ان کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کو امریکہ سے تعلق رکھنے والا ایک صوبہ سمجھا جاتا ہے۔یہ کہتے ہوئے کہ کینیڈا کے پاس بہت چھوٹی فوج ہے ٹرمپ نے کہا کہ ہم دراصل کینیڈا کی حفاظت کر رہے ہیں، وہ ہماری فوج پر بھروسہ کرتے ہیں، لیکن انہیں اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی. یہ بہت غیر منصفانہ ہے ۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ وہ کینیڈا کو امریکہ سے کیسے منسلک کر سکتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نیکہا کہ وہ امریکی معیشت کی طاقت اور امریکہ اور کینیڈا کے درمیان معاشی توازن کو استعمال کریں گے۔