گرین نے نمبر 4 پر اپنی دعویدار مستحکم کرلی: نک ہاکلے

   

ویلنگٹن۔ کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے کا خیال ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں کیمرون گرین کی شاندار 174 رنز بیٹنگ آرڈر میں ان کے چوتھے نمبر پر رہنے کے سلیکٹرز کے فیصلے کی توثیق ہے۔ اس سال کے شروع میں گرین نے ایشزکے دوران مچل مارش کے شاندار مظاہرہ کے بعد ٹیم سے باہر ہونے کے بعد ٹسٹ میں آسٹریلیا کے پلیئنگ الیون میں اپنا مقام واپس حاصل کیا لیکن گرین ویسٹ انڈیز کے خلاف تین اننگز میں 50 رنز سے آگے جانے میں ناکام رہے۔ بیسن ریزرو میں جاری پہلے ٹسٹ میں گرین نے جوابی حملہ کرتے ہوئے 275 گیندوں پر 174 رنز بناکر آسٹریلیا کو 89/4 سے باہر نکالا اور گرین کا یہ ٹسٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ انہوں نے 23 چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے مہمان ٹیم کو اپنی پہلی اننگز 383 کے مجموعی اسکور تک پہنچایا۔ نک ہاکلے نے اس موقع پر کہاکہ میں گرین کے لیے بہت پرجوش ہوں، مجھے لگتا ہے کہ یہ شاندار اننگز رہی۔ گرین کو اس اعتماد کے ساتھ کھڑا دیکھ کر بہت اچھا لگا۔