گریٹر حیدرآباد تلنگانہ کا دل فرقہ پرستوں کے قبضہ میں جانے نہ دیں

   

ٹی آر ایس کا کیڈر بی جے پی کے سوشیل میڈیا کی گمراہی کا منھ توڑ جواب دیں ۔ کے کویتا
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا نے شہر حیدراباد کو فرقہ پرست طاقتوں کی بری نظر سے بچانے کے لیے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ سوشیل میڈیا میں بی جے پی کی جانب سے چلائی جانے والی گمراہ کن مہم کے خلاف منھ توڑ جواب دینے کا ٹی آر ایس کیڈر کو مشورہ دیا ۔ ٹی آر ایس آسٹریلیا کے این آر آئی قائدین نے کویتا سے ملاقات کی ۔ انہیں انتخابی مہم میں حصہ لینے کا کویتا نے مشورہ دیا ۔ کویتا نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کا صرف ٹی آر ایس مقابلہ کرسکتی ہے ۔ اور ٹی آر ایس مذہبی منافرت پھیلانے کو کبھی برداشت نہیں کرے گی ۔ ٹی آر ایس ایک سیکولر جماعت ہے جو ترقیاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے ۔ گذشتہ 6 سال کے دوران گریٹر حیدرآباد کی ترقی پر 67 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ ترقی اور فلاح و بہبود کو ایجنڈا بناکر ووٹ مانگنے عوام کے درمیان پہونچ رہی ہے ۔ لیکن بی جے پی صرف فرقہ پرستی ، مذہبی منافرت اور جھوٹ کو موضوع بناتے ہوئے پرامن شہر حیدرآباد کے ماحول کو تشدد میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے سوشیل میڈیا کا بھی غلط استعمال کیا جارہا ہے ۔ جھوٹ پھیلاتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ ان سازشوں سے شہر کے عوام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ ٹی آر ایس کیڈر کی ذمہ داری ہے کہ ان سازشوں کا پردہ فاش کرے اور فرقہ پرستی و جھوٹ پھیلانے والوں کا منھ توڑ جواب دے ۔ کویتا نے کہا کہ حیدرآباد تلنگانہ کا دل ہے اس کو فرقہ پرستی پھیلانے والوں کے ہاتھوں میں جانے نہ دیں ۔ یکم دسمبر کو کار کے نشان پر ووٹ دیتے ہوئے ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔۔