گریٹر حیدرآباد میں آر ٹی سی کارگو خدمات کی زبردست مانگ

,

   

29 ڈپوز میں 85 بسیں دستیاب ، میڈیسن سے لے کر پھل ، پھول ، ترکاری وغیرہ تک سربراہ
حیدرآباد :۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شروع کردہ کارگو سرویس کا گریٹر حیدرآباد کے حدود میں زبردست عوامی ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ خانگی شعبوں کی خدمات کا تقابل کریں تو آر ٹی سی کی کارگو سرویس بہتر مظاہرہ کررہی ہے ۔ سیکوریٹی پر خصوصی توجہ دینے کی وجہ سے میڈیسن کے ساتھ پھل ، پھول اور ترکاری تک آر ٹی سی کی کارگو سرویس خدمات فراہم کررہی ہے ۔ حال ہی میں راکھی تہوار کے موقع پر آر ٹی سی کارگو کی جانب سے متعارف کردہ ’ سرکشا ‘ سرویس سے ریاست بھر میں تاجرین نے بھر پور استفادہ کیا ہے ۔ ایس ایم ایس خدمات اور ٹریکنگ نظام کی موجودگی سے حیدرآباد کے تاجرین آر ٹی سی کی کارگو سرویس پر زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ آر ٹی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ کارگو کی ایک گاڑی سے 20 ہزار روپئے تک آمدنی ہورہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے 29 ڈپوز کے حدود میں 85 کارگو سرویس کی خدمات کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔ ایک ڈپو کے لیے تین تا چار آر ٹی سی کارگو سرویس کو مختص کیا گیا ہے ۔ کارگو سرویس فراہم کرنے کے لیے شہر کے بس اسٹیشن میں بکنگ مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں ۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل اضلاع کے لیے آر ٹی سی کارگو خدمات سے استفادہ کررہا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے محکمہ خواتین و اطفال بچوں کی تغذیہ بخش غذا کی سربراہی کے لیے اس خدمات سے استفادہ کررہا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں آر ٹی سی کارگو سرویس کے ذریعہ میڈیسن ، الیکٹرانک اشیاء ، چاول ، بینج ، اشیاء ضروریہ ، تخم ، ترکاری ، دالیں ، پھل اور پھول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ کارگو پارسل سرویس سے استفادہ اٹھانے والوں کے موبائل کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاعات دینے کے علاوہ سربراہ کردہ اشیاء کہاں تک پہونچی ہے ۔ اس کی معلومات کے لیے بھی ٹریکنگ نظام کو دستیاب رکھنے کی وجہ سے اس کے استعمال میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ پارسل کا وزن ، پہونچنے والے مقام کی دوری کے تحت چارجس مقرر کیے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ اشیاء اور پارسل کا انشورنس بھی فراہم کیا جارہا ہے تاہم اس سہولت سے استفادہ کرنا یا نہیں کرنا اس کا اختیار کسٹمرس کو دیا گیا ہے ۔ جس وقت آر ٹی سی کارگو کی خدمات کا آغاز کیا گیا تھا اس وقت چارجس زیادہ تھے ۔ اب اس میں کمی لائی گئی ہے ۔ کورئیر ٹکٹ کی قیمت کو 50 روپئے سے گھٹا کر 20 روپئے کردیا گیا ہے ساتھ ہی 75 سے گھٹا کر 30 روپئے 100 سے گھٹا کر 40 روپئے کیا گیا ۔ پارسل چارجس 5 کیلو وزن کو 75 کیلو میٹر سے 200 کیلو میٹر تک 35 روپئے اور 201 سے 300 کیلو میٹر تک 40 روپئے کم کیا گیا ہے ۔۔