گریٹر حیدرآباد میں پولنگ اسٹیشنوں کو 21 نومبر تک قطعیت

,

   

سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ، اسٹیٹ الیکشن کمیشن کا اعلامیہ

حیدرآباد۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کا کام 21 نومبر تک مکمل کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جی ایچ ایم سی ایکٹ کے سیکشن 29 کے تحت ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے وارڈز کی نشاندہی کے بعد کمشنر جی ایچ ایم سی کی منظوری کے ذریعہ ان کی تشہیر کی جانی چاہیئے۔ اعلامیہ کے مطابق 21 نومبر سے قبل پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ تیار کرلی جائے۔ جی ایچ ایم سی کمشنر کی منظوری سے 13 نومبر کو پولنگ مراکز کا مسودہ ریٹرننگ عہدیداروں کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ 17 نومبر کی شام 5 بجے تک اعتراضات متعلقہ ریٹرننگ آفیسرس کے پاس داخل کئے جاسکتے ہیں۔ ریٹرننگ عہدیدار متعلقہ ڈپٹی کمشنرس کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے 16 نومبر کو اجلاس منعقد کریں گے۔ 18 نومبر تک تمام اعتراضات کی یکسوئی کردی جائے گی۔ ریٹرننگ عہدیدار پولنگ مراکز کی فہرست کمشنر جی ایچ ایم سی کو 19 نومبر کو پیش کریں گے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کی منظوری سے 21 نومبر کو پولنگ مراکز کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایات جاری کی ہیں۔