گریٹر حیدرآباد میں گشتی رعیتو بازار کا انتظام

   

حیدرآباد ۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد بی رام موہن بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے 150 ڈیویژن میں گشتی رعیتو بازار کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان گشتی بازاروں میں مقررہ قیمتوں پر ہی ترکاری وغیرہ فروخت کی جائے گی۔ میئر حیدرآباد نے کہا کہ شہر میں موجود رعیتو بازاروں میں عوام کی بھیڑ میں جانے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی رام موہن راؤ نے کہا کہ اس وباء کا بہتر علاج سماجی دوری ہے۔ عوام میں بار بار شعور بیدار کرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کرتے ہوئے عوام کے گھروں تک ترکاری سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میئر حیدرآباد نے ترکاری خریدنے کے لئے عوام کو رعیتو بازار پہنچنے کے بجائے اپنی بستیوں میں پہنچنے والے موبائیل رعیتو بازار سے ہی ترکاری خریدنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی عوام کو اپنے گھروں میں بند رہتے ہوئے اپنا اور اپنے ارکان خاندان کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔