نئے پارکس، بس بیز کیلئے اراضی کی نشاندہی پر زور ، جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنرس سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے زونل کمشنرس کو 2 سال کا پروگرام تیار کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے حدود میں واقع 185 تالابوں کی نگہداشت اور اس کی ترقی و خوبصورتی کے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ مزید خالی اراضیات کی نشاندہی کرنے پر زور دیا جہاں نئے پارکس، بس بیز اور لائبریریز کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔ کے ٹی آر نے آج اسمبلی اجلاس ختم ہوتے ہی فوری جی ایچ ایم سی ہیڈ کوارٹر پہنچ کر زونل کمشنرس کا جائزہ اجلاس طلب کیا اور شہر کی ترقی و تعمیری کاموں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق رویندر کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، زونل کمشنرس مسز پراونیا، سمراٹ اشوک، سرینواس ریڈی، روی کرن، اوپیندر ریڈی، وشوا جیت کمہانی کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ تمام زونل کمشنرس نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ اپنے اپنے زونس میں ہونے والے ترقیاتی و تعمیری کاموں کی تفصیلات پیش کی۔ بالخصوص پارکس، بس بیز ، بیت الخلاؤں کی تعمیرات، چھوٹے اور متوسط پارکس، واکنگ ٹریکس، فُٹ اوور برجس، اسکائی ویز، فٹ پاتھس، وال پنٹنگ، لین مارکنگ، فلائی اوورس پر پنٹنگ، تالابوں کی ترقی، شمشان گھاٹس کی نگہداشت، تجارتی زونس، ترکاری مارکٹس وغیرہ پر روشنی ڈالی۔ کے ٹی آر نے زونل کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ تمام ترقیاتی و تعمیری کام مقررہ وقت سے قبل تکمیل کریں۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور صاف صفائی کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ایک دوسرے سے تال میل کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کیلئے عاجلانہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اگر کہیں کوئی رکاوٹیں پیش آرہی ہوں تو ان کے علم میں لانے کی ہدایت دی۔