گریٹر حیدرآباد میں ایک دن کے وقفہ سے دوکانات کھولنے کی اجازت

,

   

ہوٹلوں سے ٹیک اوے کی سہولت، اناج اور ضروری اشیاء کی دوکانیں حسب معمول کھلی رہیں گی
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں لاک ڈاؤن کی رعایتوں کے ذریعہ کمشنر گریٹر حیدرآباد نے جن تجارتی اداروں کی اجازت دی ہے وہ ایک دن کے وقفہ سے کھولے جائیں گے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے لاک ڈاؤن رعایتوں کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ جس کے مطابق طاق اور جفت اعداد کی بنیاد پر ایک دن کے وقفہ سے دوکانات کو کھولنے کی اجازت رہے گی۔ 1 نمبر والی دوکانات پیر اور 2 نمبر والی دوکانات منگل کو کھولی جائیں گی اِسی طرح تسلسل میں یہ دوکانات کھلیں گی۔ مالس، ریسٹورنٹ، پبس، بارس اور سنیما ہالس بند رہیں گے جبکہ ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت رہے گی۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں دوکانات کو بند رکھا جائے گا۔ تمام زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک دن کے وقفہ سے دوکانات کھولنے کے نظام پر سختی سے عمل کریں۔ فیلڈ اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی مسئلہ یا تنازعہ کی صورت میں فوری مداخلت کرتے ہوئے یکسوئی کریں۔ ضروری اشیاء سے متعلق دوکانات حسب معمول کھلے رہیں گے جن میں اناج، میڈیکل، ڈیری پراڈکٹس، ترکاری اور نرسری پراڈکٹس شامل ہیں۔ دوکانات کے پاس عوام کو قواعد کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی اور ہر کسی کو ماسک پہننا لازمی رہے گا۔ کمشنر کے احکامات کے ساتھ ہی شہر میں آٹو اور ٹیکسی سرویسس کا آغاز ہوچکا ہے۔