گزشتہ سیریز کے برعکس اس وقت آسٹریلیا زیادہ مضبوط ٹیم

   

سڈنی ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ سیریز2018-19 میں کھیلی گئی تھی جس میںہندوستان ٹیم نے تین مقابلوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی لیکن اس مرتبہ یہ آسان نہیں ہوگا۔ آسٹریلیائی ٹیم گزشتہ کے مقابلے میں اس بار مضبوط نظرآرہی ہے ۔ جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور تجربہ کار اسٹیون اسمتھ ٹیم کی بیٹنگ کو مضبوطی فراہم کریں گے ۔ وارنر اور اسمتھ کے ساتھ کپتان آرون فنچ ، فاسٹ بولر پیٹ کمنز ، جوش ہیزل ووڈ ، گلین میکسویل ، مارکس اسٹونیس اور لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے آئی پی ایل میں کھیلا اور یہ تمام کھلاڑی اچھے فارم میں نظر آرہے ہیں۔آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنس ، میچل اسٹارک ، اینڈریو ٹائی اور جوش ہیزل ووڈ ہندوستانیبیٹسمینوں کا سخت امتحان لینے کے لئے تیار ہیں ۔ اسپن کے شعبے میں بائیں ہاتھ کے اسپنر اشٹن ایگر اور لیگ اسپنر ایڈم زمپا کے مابین مقابلہ ہوگا۔آل راؤنڈر کے کردار کے لئے گلین میکسویل اور مارکس اسٹونیس اپنے دعوی پیش کریں گے ۔ اسٹونیس آئی پی ایل میں کھیلے اور بہت کامیاب رہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف آخری ونڈے میں سنچری بنانے والے میکس ویل نے آئی پی ایل میں کافی جدوجہد کی تھی۔ بیٹنگکا ذمہ کپتان فنچ ، وارنر اور اسمتھ کے ساتھ مارنس لابوشین پر رہے گا ۔ لابوشین تاہم انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں کوئی بڑا اسکور نہیں بنا سکے تھے لیکن ان کے نام 10 ونڈے میچوں میں ایک سنچری اوردو نصف سنچریاں درج ہیں۔اس سیریز کے ساتھ ہی ہندوستان اور آسٹریلیا کی ون ڈے تاریخ میں 40 سال مکمل ہورہے ہیں اور2023 ورلڈکپ کے پیش نظر دونوں ٹیمیں سیریز میں زیادہ سے زیادہ نشانات جمع کرنے پر نگاہ رکھیں گی۔ سیریز کا دوسرا میچ 29 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ 2 دسمبر کوکینبرا میں کھیلا جائے گا۔