تیز رفتار بس لاری سے ٹکرا گئی ۔ کھائی میں گر کر شعلہ پوش
حیدرآباد /3 جون ( سیاست نیوز ) کرناٹک میں ایک خوفناک سڑک حادثہ میں شہر سے تعلق رکھنے والے 8 افراد ہلاک ہوگئے ۔ گوا سے حیدرآباد آرہی ایک بس کلابرگی ( گلبرگہ ) میں حادثہ کا شکار ہوگئی اور کھائی میں گرکر شعلہ پوش ہوگئی ۔ اس میں 8 افراد ہلاک ہوگئے ۔ متوفیوں کی شناخت 37 سالہ ارجن ، 32 سالہ سرلہ ، 5 سالہ بی ارجن 35 سالہ شیوا کمار 30 سالہ روالی ، 9 سالہ دکشت 40 سالہ انیتا کی حیثیت سے کی گئی ۔ بتایا گیا کہ سالگرہ تقریب میں جو گوا میں منعقد کی گئی تھی شرکت کے بعد واپس ہو رہے تھے کہ گلبرگہ میں حادثہ پیش آیا ۔ آر یچ ٹراویل کی بس سڑک کنارے رکی لاری سے ٹکرا گئی اور حادثہ کا شکار ہوگئی اور بس سے شعلہ نکلنے لگے ۔ بس بے قابو ہوکر کھائی میں گر گئی جس کے سبب بس کی ڈیزل ٹینک پھٹ گئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے بس آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی اور بس میں سوار افراد میں 8 افراد بشمول بس ڈرائیور اور کلینر برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ بس میں کل 35 افراد سوار ہونے کی اطلاع ہے ۔ جن میں دو خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 32 افراد موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہیکہ آج صبح تقریباً 6 بجے حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ ع