کاماریڈی۔ 15 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم راجیش چندر نے کہا کہ موبائل فون گم ہونے یا چوری ہونے کی صورت میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ سنٹرل ایکوپمینٹ آئیڈنٹی رجسٹر (CEIR) پورٹل کے ذریعے کھوئے ہوئے موبائل فون آسانی سے بازیاب کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں موبائل فون صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ بینکنگ معلومات، ذاتی تصاویر اور اہم ڈیٹا کا ذخیرہ بھی ہوتا ہے، اس لیے پولیس محکمہ موبائل فونز کی بازیابی کو خصوصی اہمیت دے رہا ہے۔ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے بتایا کہ متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنے کے مقصد سے انسپکٹر سمپت کی نگرانی میں آر ایس آئی بالراجو اور پانچ کانسٹبلوں پر مشتمل ایک خصوصی تکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر ماہ اوسطاً 100 سے زائد موبائل فون بازیاب کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 30 دنوں کے دوران خصوصی مہم کے تحت 21.76 لاکھ روپے مالیت کے 136 موبائل فون بازیاب کیے گئے، جبکہ رواں سال اب تک 1.27 کروڑ روپے مالیت کے 794 موبائل فون برآمد کرکے متاثرین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موبائل فون گم ہوتے ہی فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائیں، سم کارڈ بلاک کریں اور CEIR پورٹل پر اپنے موبائل کے IMEI نمبر کو بلاک کروائیں تاکہ سائبر فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔ انہوں نے نامعلوم لنکس اور مشتبہ فون کالز سے بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ایس پی نے بتایا کہ جن افراد کے موبائل فون بازیاب ہوئے ہیں، وہ ضروری دستاویزات کے ساتھ ضلع پولیس دفتر میں آر ایس آئی بالراجو (فون: 8712686114) سے رابطہ کرکے اپنا موبائل فون حاصل کرسکتے ہیں۔