رتلام : مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع کے ممٹ کھیڑا کے ایک سرکاری اسکول میں ایک ٹیچر نے گنتی نہیں آنے پر طالبات کی بیدردی سے پٹائی کی۔ اس واقعے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹیچر جے کے موگرا کو معطل کر دیا گیا، ساتھ ہی اس معاملے کی محکمہ کی سطح پر انکوائری کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔سرکاری اطلاع کے مطابق جاورا کے ایس ڈی ایم ہمانشو پرجاپتی نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ پپلودا کے بی ای او شکتی سنگھ پریہار اور بی آر سی ونود شرما تحقیقات کر رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر، ڈی ای او شرما نے آج استاد موگرا کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ شرما نے بتایا کہ پڑھائی کے دوران مار پیٹ کو کسی بھی شکل میں درست نہیں سمجھا جا سکتا۔ ویڈیو میں ہی سب کچھ واضح ہو رہا ہے ، اس لیے معطل کیا گیا ہے ۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ٹیچر کی طالبات کو بے دردی سے مارنے کا جو ویڈیو وائرل ہو رہا ہے اس میں سب سے پہلے وہ بورڈ کے سامنے کھڑی طالبہ کو تھپڑ مارتا ہوا نظر آ رہا ہے ۔ اس کے بعد ایک اور طالبہ بورڈ کے سامنے آتی ہے اور کچھ پڑھنے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے ، جس میں ٹیچر پیچھے سے اس کے سر پر مارتا ہے اور پھر دوبارہ تھپڑ مارتا رہتا ہے ۔