گوانتاناموبے: چند پاکستانی قیدیوں کی رہائی ممکن

   

واشنگٹن : گوانتانامو بے کے حراستی مرکز کے سب سے عمر رسیدہ پاکستانی قیدی سیف اللہ پراچہ کی رہائی کے لیے ان کی وکیل پرامید ہیں۔ وکیل کے مطابق پراچہ کی رہائی کے لیے نئی امریکی انتظامیہ امید کی ایک نئی کرن ہے۔ گزشتہ سولہ برس سے بغیر کسی الزام کے گوانتانامو بے کے حراستی مرکز میں قید پاکستانی سیف اللہ پراچہ ذیابیطْیس اور دل کے امراض میں مبتلا ہیں۔ 73 سالہ پراچہ کیوبا میں امریکی بیس پر قائم گوانتانامو بے کے حراستی مرکز کے سب سے عمر رسیدہ قیدی ہیں۔ پراچہ کی وکیل شیلبی سلیوان بیلس ان کی رہائی کے حوالے سے ریویو بورڈ کی سماعت کے لیے پر امید ہیں۔ انہوں نے 19 نومبر کو سماعت کے بعد خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اب انہیں زیادہ امید اس لیے بھی ہے کیونکہ قیدیوں کی رہائی پر نظرثانی کے عمل کو نظر انداز کرنے والی انتظامیہ اب نہیں رہی ہے۔ صدر ڈونالڈٹرمپ نے واضح طور پر اوباما انتظامیہ کی جانب سے گوانتانامو میں بند قیدیوں کے مقدمات کا جائزہ لینے اور انھیں رہا کرنے کے عمل کو ختم کردیا تھا۔ امید کی جارہی ہے کہ نئی امریکی حکومت کے تحت یہ عمل دوبارہ شروع ہوگا۔