گورنر اور چیف منسٹر نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی

   

حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ سی پی رادھا کرشنن اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے اختتام پر میں مسلمانوں کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قرآن مجید کی تعلیمات کے سماج پر مثبت اثرات سے بے حد متاثر ہیں۔ گورنر نے دنیا بھر میں مسلمانوں کی بھلائی، خوشحالی اور امن کیلئے دعا کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے پیام کے ذریعہ امن اور محبت کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور یہ ماہ انسان میں ڈسپلن کے جذبہ کو پیدا کرتا ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عید مسلمانوں میں خوشی اور خوشحالی میں اضافہ کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ تک روزہ کے اہتمام کے بعد عید کا اہتمام کیا جاتا ہے اور خوشیوں میں رشتہ داروں اور دوست احباب کو شامل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ اور فطرہ کے ذریعہ غریب اور مستحق خاندانوں کی مدد کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہے اور ان کی حکومت اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کے کاموں کا حکومت نے اندرون 100 دن سنگ بنیاد رکھا اور اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے۔1