گورنر سوندرا راجن کی سرگرمیوں سے حکومت ناخوش

,

   

اعلیٰ عہدیدار راج بھون سے دور، کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی
حیدرآباد: ریاست میں کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی پر گورنر ٹی سوندرا راجن کی مداخلت حکومت کو پسند نہیں اور سرکاری محکمہ جات گورنر سے عدم تعاون کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ گورنر نے خانگی ہاسپٹلس کے نمائندوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کرکے رعایتی شرحوں پر علاج کرنے کی اپیل کی لیکن یہ ویڈیو کانفرنس عہدیداروںکے بغیر رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیدار گورنر کو حقیقی صورتحال سے واقف کرانے سے گریز کر رہے ہیں۔ ریاست کے پہلے شہری کی حیثیت سے گورنر نے عوامی مسائل کی سماعت کا آغاز کیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر عوامی مسائل پر ردعمل ظاہر کیا ۔ حال ہی میں گورنر نے نمس کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ ڈاکٹرس سے ملاقات کی تھی۔ گورنر نے شکایت کی کہ کورونا کی صورتحال کے بارے میں حکومت ان کے مکتوب کا بہتر جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ کورونا ٹسٹنگ اور علاج کے بارے میں تفصیلات سے گورنر کو لاعلم رکھا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی سینئر عہدیدار راج بھون سے دوری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیدار گورنر کی جانب سے نمس کے دورہ سے خوش نہیں ہیں کیونکہ گورنر نے طبی سہولتوں میں خامیوں کو بے نقاب کیا تھا۔ گورنر نے گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی لیکن حکام کی مخالفت کے سبب یہ ممکن نہ ہوسکا۔ حالیہ عرصہ میں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے ساتھ گورنر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تعلیمی سہولتوںکا جائزہ لیا تھا۔ گورنر کی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ حکومت کو پسند نہیں ہے اور وہ نہیں چاہتی کہ گورنر حکومت کیلئے مسائل میں اضافہ کریں۔ ان حالات میں راج بھون اور چیف منسٹر کے دفتر کے درمیان دوریاں بڑھتی جارہی ہیں۔