گورنر کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ میں 10 اپریل کو سماعت

   

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے خلاف دائر کردہ تلنگانہ حکومت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں فوری طور پر کوئی راحت نہیں ملی اور عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت 10 اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ گورنر کو اسمبلی میں منظورہ 10 مختلف بلز کے کلیئرنس کی ہدایت دینے کی اپیل کے ساتھ تلنگانہ حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جے بی پارڈی والا پر مشتمل بنچ کو سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے گورنر کے مسئلہ پر غور کیا ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔ سینئر ایڈوکیٹ دشنت داوے نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش میں گورنر نے اندرون سات یوم جبکہ گجرات میں اندرون ایک ماہ گورنرس نے سرکاری بلز کو منظوری دی ہے۔ تلنگانہ میں غیر معمولی تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سالیسٹر جنرل کو گورنر کو مشورہ دینے کی خواہش کی۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایات دینی چاہیئے۔ سالیسٹر جنرل نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جو پیشرفت کی ہے اس کی تفصیلات سے فوری طور پر آگاہ نہیں کیا جاسکتا۔ سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت 10 اپریل کو مقرر کی ہے۔ر