ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی،موجودہ عمارت کا تحفظ کیا جائے گا
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ نے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کی اراضی پر عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کابینی فیصلوں سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کیلئے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کی اراضی کا انتخاب کیا تھا۔ اس سلسلہ میں آج کابینہ نے اس فیصلہ کو منظوری دے دی۔ پولیس اسٹیڈیم کی اراضی محکمہ صحت کو منتقل کرتے ہوئے اس پر عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ہاسپٹل کی موجودہ عمارت کافی مخدوش ہوچکی ہے اور سابق بی آر ایس حکومت نے مخدوش عمارت کو منہدم کرتے ہوئے نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا تھا تاہم ہیرٹیج عمارتوں کے تحفظ کی جدوجہد کرنے والے جہد کاروں نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر رکاوٹ پیدا کردی تھی۔ جہد کار موجودہ قدیم عمارت کی مرمت اور تزئین نو کرتے ہوئے قریب میں واقع کھلی اراضی پر تعمیر کی مانگ کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت نے کسی بھی تنازعہ سے بچنے کیلئے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کی اراضی پر نئے ہاسپٹل کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت قدیم عمارت کے تحفظ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں خریف سیزن میں کسانوں سے دھان کی خریدی، ملگ میں ٹرائیبل یونیورسٹی، نئی میٹرو لائنس کی منظوری، اسپورٹس یونیورسٹی اور دیگر امور پر فیصلے کئے گئے۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ میٹرو ٹرین پراجکٹ کے تحت 76.4 کلو میٹر پر پانچ نئی روٹس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا جس پر 24269 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے۔ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ پراجکٹ مکمل کیا جائے گا اور پراجکٹ کے اخراجات مرکز اور ریاست کے درمیان تقسیم ہوں گے۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں 16 ہزار تا 17 ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ کابینی سب کمیٹی پراجکٹ کی تفصیلات طئے کرے گی۔ کابینہ نے ملگ میں ٹرائیبل یونیورسٹی کیلئے 211 ایکر اراضی کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔1
اسپورٹس یونیورسٹی کیلئے گچی باؤلی اسٹیڈیم کی اراضی مختص کی گئی۔1