اعظم گڑھ: اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں گھاگرا ندی کا قہر بڑھتا جارہا ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے میں گھاگھرا ندی کے پانی سے رنگ ڈیم کی کٹائی کی وجہ سے تقریباً 65 دیہات کے سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔اعظم گڑھ ضلع انتظامیہ کے مطابق ضلع کی سگڑی تحصیل کے دیورانچل میں بہنے والی گھاگھرا ندی کے پانی کی سطح نے گزشتہ 24 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ گھاگھرا ندی خطرے کے مقام سے 1.91 میٹر اوپر بہہ رہی ہے ۔ مہولا سے حیدرآباد تک ڈیم میں کئی مقامات پر پانی کے رساؤ کی اطلاع مل رہی ہے ۔ وہیں چھتونی گاوں کے قریب ندی کا پانی باندھ کے برابر بہنے سے گاؤں والے خوفزدہ ہیں۔ مہولا گڑھوال کے قریب تیز بہاؤکی وجہ سے رنگ ڈیم کا بڑا حصہ کٹ گیا ہے ۔ لیکیج کو روکنے کے لیے پوری انتظامی مشینری کو اتار دیا گیا جب کہ گاؤں والے بھی تعاون کر رہے ہیں۔