گیانیش کمار کے استعفیٰ تک ووٹ چوری کے خلاف مہم چلائیں: سید عظمت اللہ حسینی

   

بحیثیت اے آئی سی سی مبصر دورہ آندھراپردیش کے 8 اضلاع و سٹی کانگریس کمیٹی کے قائدین سے ملاقات
حیدرآباد 27 اکٹوبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے شروع کی گئی ووٹ بچاؤ ۔ دیش بچاؤ مہم کے اے آئی سی سی مبصر اور تلنگانہ وقف بورڈ کے صدرنشین سید عظمت اللہ حسینی نے آندھراپردیش کے 4 دہی 4 شہری اضلاع کا دورہ کرکے پارٹی قائدین سے ملاقات کی جن میں سابق مرکزی وزیر پلم راجو، آندھراپردیش کانگریس کمیٹی ورکنگ صدر شیخ مستان ولی و ضلع و سٹی کانگریس کمیٹیوں کے صدور اور مقامی قائدین موجود تھے۔ سید عظمت اللہ حسینی نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان پر احتجاجی ریالی اور جلسہ کو کامیاب بنائیں۔ آندھراپردیش سے پارٹی کے قائدین و کارکن بھاری تعداد میں شرکت کریں۔ انھوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ووٹ چوری کے معاملہ میں مرکزی حکومت کی مدد کررہے ہیں۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ملک کی مختلف ریاستوں میں ووٹ چوری کا پردہ فاش کردیا ہے۔ یہ حقیقت اب سب کے سامنے آچکی ہے۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کے دیگر دو کمشنرس نے بھی یکطرفہ فیصلے کرنے کا چیف الیکشن کمشنر پر الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے واضح کیاکہ کانگریس عوام کے دستوری حقوق کا تحفظ کرنے ملک کے ہر دیہات میں تحریک چلارہی ہے اور آندھراپردیش میں ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے دوران حقیقی ووٹرس کے نام فہرست سے نکال دیئے گئے ہیں تو اس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم چلائیں اور راہول گاندھی کی شروع کردہ مہم کو مستحکم کریں اور گیانیش کمار کے استعفیٰ تک تحریک کو جاری رکھیں۔ V/2