گینگسٹر نعیم کی بیوہ کے خلاف پی ڈی ایکٹ

   

عوام کو ہراسانی ، جبری وصولی اور اراضی پر قبضہ پر کارروائی

حیدرآباد ۔ 24جون ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس جرائم پیشہ افراد کو قابو میں رکھنے اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے اپنے سخت اقدامات کو جاری رکھا ہے ۔ جبراً وصولی شہریوں کو ہراسانی و پریشان کرنا ، اراضیات پر ناجائز قبضہ ، اغوا ، ڈرا دھمکانے اور منظم انداز میںجرائم کو انجام دینے کی کوششوں میں ملوث بدنام نعیم ٹولی کے ارکان پر پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ جن میں گینگسٹر نعیم کی بیوہ بھی شامل ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کمشنریٹ نے اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کردیئے ۔ بدنام زمانہ گینگسٹر نعیم عرف بھونگیر نعیم کی بیوہ 40سالہ حسینہ بیگم عرف نسیما عرف دیویا عرف ودینا اماں ساکن قاضی محلہ بھونگیر ، 46سالہ ہاشم ، سرینواس ساکن سنجیوا نگر بھونگیر جو مرحوم نعیم کا بااعتماد ساتھی بتایا جاتا ہے ، 40سالہ عبدل ، فہیم ساکن بھونگیر اور 42 سالہ عبدالنصیر ساکن کشن نگر بھونگیر کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔پولیس کے مطابق ہاشم سرینواس لینڈ گرابنگ اور جبری وصولی کے علاوہ کئی ایک تقریباً 105 مقدمات میں ملوث بتائے گئے ہیں ۔ سال 2016 میں ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا تھا جو جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل ہوگیا۔