ہائیکورٹ ججس کے ٹیلیفون ٹیاپنگ کا الزام

   

بی جے پی رکن اسمبلی کی ڈی جی پی سے شکایت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے نہ صرف سیاستدانوں بلکہ ہائی کورٹ ججس کے ٹیلیفون ٹیاپنگ کی تھی ۔ رگھو نندن راؤ نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کو تحریری شکایت پیش کرتے ہوئے اس معاملہ کی تفصیلی جانچ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس جانچ میں تاخیر کرتی ہے تو وہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے ۔ رگھونندن راؤ کا کہنا ہے کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی اور کرناٹک میں کمارا سوامی کو مدد دینے کیلئے ٹیلیفون ٹیاپنگ کی گئی اور صنعت کاروں سے بھاری رقومات حاصل کی گئی ۔ انہوں نے ٹیلیفون ٹیاپنگ اسکام میں سابق چیف منسٹر کے سی آر ، سابق وزیر ہریش راؤ اور ایم ایل سی وینکٹ رام ریڈی کا نام شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف محبوب نگر کے کانگریسی رکن اسمبلی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابق انٹلیجنس چیف پربھاکر راؤ نے کے سی آر کی ہدایت پر اپوزیشن قائدین کے ٹیلیفون کی ٹیاپنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین نوین راؤ اور شراون راؤ نے ٹیاپنگ کے لئے عصری آلات حاصل کئے تھے۔ ان دونوں قائدین نے صنعت کاروں اور دیگر افراد سے سینکڑوں کروڑ وصول کئے ۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے ذریعہ سینکڑوں ایکر اراضی نوین راؤ کے نام پر منتقل کی گئی ہے۔ انہوںنے ان تمام معاملات کی جانچ کا مطالبہ کیا ۔ 1