ہاردک کا دباؤ میں نظر آنا فطری ہے ،فنچ کا ریمارک

   

ممبئی: آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور ٹی وی کمنٹیٹر آرن فنچ نے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاریہ سیزن میں ممبئی انڈینز کی کارکردگی اب تک اچھی نہیں رہی اور ایسی صورتحال میں کپتان ہاردک پانڈیا کو دباؤ محسوس ہونا فطری بات ہے۔ اسٹار اسپورٹس کرکٹ لائیو سے بات کرتے ہوئے فنچ نے گزشتہ شب کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف ممبئی کی شکست پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں اوس پڑنے کے ساتھ آپ ان سے 170 رنز کا تعاقب کرنے کی توقع کر سکتے ہیں۔ یہ عام طور پر بلے بازی کیلئے ایک خوبصورت جگہ ہے ۔ تاہم ممبئی کی کارکردگی قدرے حیران کن تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مسلسل مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے کپتان ہاردک کا دباؤ میں آنا فطری ہے اور وہ بھی اس وقت جب کپتان کی اپنی کارکردگی بھی اچھی نہ ہو۔ میں خود اس صورتحال میں رہا ہوں جہاں آپ انفرادی طور پر جو کچھ بھی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ظاہر نہیں ہوتا ہے اور جب ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے تو یہ واقعی مشکل ہو جاتا ہے ۔ ایسے وقت میں ٹیم کی کارکردگی کیلئے کپتان کا کردار بہت مشکل ہو جاتا ہے ۔ کل رات منیش پانڈے کی اننگز پر بات کرتے ہوئے فنچ نے کہاکہ ٹیم میں منیش پانڈے جیسا شخص ہونا، جو آئی پی ایل اور بین الاقوامی کرکٹ دونوں میں وسیع تجربہ رکھتا ہے ، ناقابل یقین حد تک فائدہ مند ہوگا۔ اس سے نہ صرف ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ کے کے آر کا فخر بھی بڑھتا ہے ۔ آر سی بی کے خلاف گجرات ٹائٹنز کے امکانات کے بارے میں فنچ نے کہاکہ آر سی بی کو ٹائٹنز کے خلاف سبقت نظر آرہی ہے کیونکہ گجرات اس وقت ایک ٹیم کے طور پر اچھا نہیں کھیل رہا ہے ۔ شبھمن گل نے آخری میچ میں شاندار سنچری بنا کر آر سی بی کو پلے آف سے باہر کر دیا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ آر سی بی اس پوزیشن میں ہے جہاں ان کیلئے پلے آف میں جگہ بنانا ممکن نہیں ہے لیکن وہ بہت اچھی فارم میں ہیں۔