’’ ہاوڈی ۔ مودی ‘‘ میں ٹرمپ کی شرکت مودی سے گہری دوستی کی غماز: سابق پاک سفیر

   

واشنگٹن۔/17 ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے ہوسٹن میں 22 ستمبر کو ’’ ہاوڈی ۔ مودی ‘‘ کے عنوان سے جو بڑی تقریب منعقد ہونے والی ہے اس میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرنے وزیر اعظم ہند نریندر مودی تو امریکہ جائیں گے ہی لیکن ان کے ساتھ پروگرام میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی شانہ بشانہ موجود ہوں گے جو عام طور پر نہیں ہوتا۔ اس سے ایک بات ظاہر ہوگئی کہ ٹرمپ ‘ مودی کو اپنا زبردست دوست اور حلیف تصور کرتے ہیں۔ پاکستان کے ایک سابق اعلیٰ سطحی سفارت کار نے بھی تقریباً ان ہی خیالات کا اظہار کیا اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ امریکہ کے لئے پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی ہیں جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ 63 سالہ حقانی نے پاکستان پر کئی بہترین کتابیں تصنیف کی ہیں اور فی الحال ہڈسن انسٹی ٹیوٹ کے جنوبی اور وسطی ایشیاء ڈپارٹمنٹ آف تھنک ٹینک کے سینئر فیلو اور ڈائرکٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی بھی امریکہ میں میزبانی کی ہے لیکن ان کے رویہ اور برتاؤ سے تو ایسا ہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ مودی کے زبردست مداح اور گہرے دوست بھی ہیں، ورنہ خالصتاً ایک ہندوستانی نوعیت کے پروگرام میں بھلا ٹرمپ کو ’’ گھس پیٹھ ‘‘ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ یہ خبر اُن پاکستانی شہریوں کو ضرور مایوس کردے گی جو یہ سوچ رہے تھے کہ عمران خان کے دورہ امریکہ کے بعد پاک ۔ امریکہ تعلقات میں تیزی آئے گی لیکن ایسا کچھ بھی ہوتا نظر نہییں آتا۔ ’ ہاوڈی۔ مودی ‘ پروگرام میں تقریباً 50,000 ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔