ہاکی انڈیا کا تربیتی خیمہ کورونا معاملات سے پریشان

   

بنگلورو۔ کامن ویلتھ گیمز کے لیے ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے تیاری کے کیمپ میں جمعرات کوکورونا کے پھیلنے کا مشاہدہ کیا گیا جس میں اسٹرائیکرگرجنت سنگھ اور ہیڈ کوچ گراہم ریڈ سمیت پانچ کھلاڑی وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں ۔پی سی آر ۔آر ٹی ٹسٹ چہارشنبہ کی صبح کیا گیا۔ متاثرہ افراد میں ہلکی علامات ظاہر ہورہی ہیں اور انہیں یہاں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ہاکی انڈیا نے کسی کا نام لیے بغیر ایک میڈیا ریلیز میں کہاکامن ویلتھ گیمز 2022 کی تیاری کرنے والی ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے دو کھلاڑی اور معاون عملے کے تین ارکان کوویڈ19 مثبت پائے گئے ہیں۔ ٹیم کے ایک ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایاگرجنت اورگراہم ریڈ متاثر ہوئے ہیں۔ ٹیم کے ویڈیو تجزیہ کار اشوک کمار چناسوامی بھی مثبت پائے گئے ہیں۔گرجنت کے علاوہ مثبت پائے جانے والے کھلاڑی کا نام آشیش کمار ٹاپنو ہے۔ پی آر سریجیش، من پریت سنگھ، پون، للت کمار اپادھیائے، ہرمن پریت سنگھ، ورون کمار اور امیت روہیداس یہاں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) کیمپس میں جاری کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔کھلاڑی ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں بیلجیئم اور ہالینڈ کے خلاف کھیلنے کے بعدکیمپ پہنچ گئے۔کیمپ 23 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا جس کے بعد ٹیم برمنگھم کامن ویلتھ گیمزکے لیے روانہ ہوگی۔ مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابقہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 18,819نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ اب ملک میں فعل معاملات کی تعداد ایک لاکھ چار ہزار 555 ہے۔ ملک میں 39 نئی اموات کے ساتھ انفیکشن سے مرنے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 25 ہزار 116 ہو گئی ہے۔