ہریانہ اسمبلی انتخابات: سونیا، پرینکا، راہل اور منموہن سنگھ ہونگے اسٹار کیمپینر

,

   

کانگریس ورکنگ کمیٹی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کےلیے راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کو منتخب کیا ہے، آنے والے انتخابات میں یہ بڑے لیڈران اپنا آہم رول ادا کریں گے۔

کانگریس جنرل سکریٹری موتی لال ووہرا نے جمعہ کے روز بتایا کہ اس فہرست میں ہریانہ کے انچارج اور راجیہ سبھا کے آپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، سینئر لیڈر رکن راجیہ سبھا احمد پٹیل، ریاستی کانگریس کی صدر کماری شیلجا، اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا، آنند شرما، کرن چودھری، جیوترآدتیہ، دپیندر ہڈا، کلدیپ بشنوئی، سلمان خورشید اور رندیپ سنگھ سرجے والا وغیرہ اہم لیڈران کا نام شامل کیا گیا ہے۔

اسٹار کمپینر کی فہرست میں کانگریس کی اقتدار والی ریاستوں کے چار وزرائے اعلی بھی شامل ہیں۔ ان میں راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت، مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ، چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل اور پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ بھی شامل ہیں۔

پارٹی نے انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم میں نظر انداز کئے جانے کا الزام لگا کر باغیانہ تیور اختیار کرنے والے کانگریس کے سابق صدر اشوک تنور کو بھی شامل کیا ہے۔ مسٹر تنور نے دو اکتوبر کو ٹکٹوں کی تقسیم میں جوڑتوڑ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سوہنا کا ٹکٹ پانچ کروڑ روپے میں فروخت ہوا ہے۔ تین اکتوبر کو انہوں نے پریس کانفرنس کرکے محترمہ گاندھی سے خود کو تمام کمیٹیوں سے آزاد کرنے کی درخواست کی تھی۔