ہریانہ اسمبلی انتخابات : کانگریس نے جاری کی 84 امیدواروں کی پہلی فہرست ، بھوپیندر سنگھ ہڈا بھی آزمائیں گے اپنی قسمت

,

   

ہریانہ میں اگلے اسمبلی انتخابات کو لے کر کانگریس نے بدھ کی دیر رات 84 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے پہلی فہرست جاری کی ۔ کانگریس نے اس فہرست میں سابق وزیر اعلی بھوپیندر سنگھ ہڈا کو گڑھی سانپلا – کلوئی ، رندیپ سرجیوالا کو کیتھل ، کلدیپ بشنوئی کو آدم پور اور کرن چودھری کو توشام سے ٹکٹ دیا ہے ۔

اس فہرست میں ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجہ اور سابق ریاستی صدر اشوک تنور کے نام نہیں ہیں ۔ بتادیں کہ اشوک تنور نے ہریانہ میں کانگریس کا ٹکٹ پانچ کروڑ روپے میں فروخت کئے جانے کا الزام لگایا ہے ۔ 10 جن پتھ کے باہر اپنے حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے اشوک تنور نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پیسوں کی بنیاد پر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے سوہانہ اسمبلی سیٹ کا ٹکٹ پانچ کروڑ روپے میں فروخت کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹکٹوں کی تقسیم میں شفافیت نہیں برتی جائے گی تو الیکشن میں جیت کیسے ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ پارٹی نے صرف ایک موجودہ ممبر اسمبلی کو چھوڑ کر باقی سبھی کو ٹکٹ دیا ہے ۔ ہریانہ اسمبلی میں کانگریس کے 17 ممبران ہیں ، جن میں سے پارٹی نے صرف رینوکا بشنوئی کو امیدوار نہیں بنایا ہے ، جو ہانسی سے ممبر اسمبلی ہیں ۔