ہریانہ الیکشن میں آرٹیکل 370 کا غلبہ

   

وزیراعظم مودی کے جلسوں میں جموں و کشمیر و لداخ کا تذکرہ ، کانگریس پر تنقید

چرخی دادری ؍ تھانیسر (ہریانہ) ۔ 15 اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندرمودی نے آج کانگریس قائدین پر آرٹیکل 370 کی حالیہ تنسیخ کے بارے میں بیرون ملک افواہیں پھیلانے کا الزام عائد کیا اور ووٹروں سے آنے والے اسمبلی چناؤ میں اس پاداش میں اپوزیشن پارٹی کو سزاء دینے کی اپیل کی ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے بار بار کانگریس کو کھلا چیلنج کیا کہ وہ آرٹیکل 370 کی تنسیخ سے متعلق اُن کی حکومت کے فیصلے کو برسراقتدار آنے پر کالعدم کردینے کا اعلان کرکے دکھائے ۔ کانگریس کے بعض قائدین ملک میں اور ملک سے باہر اس فیصلے کے تعلق سے افواہیں پھیلارہے ہیں ۔ انھوں نے کانگریس پر نکتہ چینی میں کہاکہ آپ چاہے مودی کو برا بھلا کہہ لو اور چاہے تو بینکاک ، تھائی لینڈ ، ویتنام یا جہاں کہیں سے چاہو بری باتیں سیکھ آؤ اور میرے خلاف استعمال کرو ۔ مجھے اس میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن اپوزیشن کو ہندوستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے سے گریز کرنا ہوگا ، جو ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے ۔ وزیراعظم نے چرخی دادری اور کرک شیترا کے تھانیسر ٹاؤن میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ وہ دو روز سے اس ریاست میں ہے جہاں 21 اکٹوبر کو چناؤ مقرر ہیں۔ مودی نے کہاکہ ہریانہ اور بقیہ ملک میں یہ احساس ہے کہ جموں و کشمیر کو تشدد کے چھلاوے سے نکالنے کی ضرورت ہے ۔ میں ہریانہ کے عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا وہ آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں یا نہیں ۔ انھوں نے کہاکہ یہ فیصلہ قومی مفاد میں کیا گیا اور سارا ملک جموں و کشمیر اور لداخ کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انھوں نے عوام سے کانگریس کو سبق سکھانے کی اپیل کی ۔