میدک میں جائزہ اجلاس کا انعقاد، ضلع کلکٹر ایس ہریش کا عہدیداران سے خطاب
میدک۔ ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ریاستی حکومت ہریتا ہارم پروگرام کا احیاء عمل میں لاکر جنگلات کی وسعت اور شہروں و دیہاتوں میں پاکیزہ ماحول کیلئے بڑے پیمانے پر شجرکاری کررہی ہے۔تاحال ساتویں مرحلے تک انجام دیئے گئے ہریتا ہارم کامیاب ہوئے ۔ حکومت اب جاریہ موسم گرما کے بعد مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی ہریتا ہارم کے آٹھویں مرحلے کا آغاز کررہی ہے۔ اس کے تحت پورے ضلع میں 34 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر میدک ایس ہریش نے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں ضلع میدک میں انجام دیئے گئے پلے پرگتی پروگرام، منا اورو منا بڈی پروگرام، دلت بندھو اسکیم کے ساتھ ہریتا ہارم جیسے پروگرامس کے ایک جائزہ اجلاس میں متعلقہ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ منعقد کرکے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ضلع سے تعلق رکھنے والے منڈل ڈیولپمنٹ آفیسرس، نوڈل آفیسرس اور فاریسٹ عہدیداروں نے شرکت کی۔ انہوں نے فاریسٹ آفیسرس اور منڈل آفیسرس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام دیہاتوں میں ہریتا ہارم کے تحت شجرکاری کیلئے پوائنٹس کی نشاندہی کریں۔ گرام پنچایتوں کی سڑکوں، قومی شاہراہوں، آر اینڈ بی سڑکوں، پنچایت راج سڑکوں پر پلانٹیشن کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں کے کناروں، تالابوں کے کٹوں پر بھی شجرکاری کو یقینی بنانا ہوگا۔ تالابوں کے کٹوں پر شجرکاری کیلئے کلکٹر نے آبپاشی کے ایگزیکیٹو انجینئر سرینواس کو ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے 248 تالابوں کے قریب 3,144 کلو میٹر حدود میں شجرکاری کو یقینی بنانا ہوگا۔ فاریسٹ کے ڈی ایف او کو چاہیئے کہ ضلع میں موجود نرسریز کا جائزہ لے کر درکار پودوں کی سربراہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کے تحت اب تک 140 یونٹس کی گراؤنڈنگ کی گئی ہے۔ باقی یونٹس کی گراؤنڈنگ دو ہفتوں میں مکمل کرلینا ہوگا۔ انہوں نے ضامن روزگار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہر دیہات میں کم سے کم 200 افراد کو روزگار فراہم کرنا چاہیئے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں اور ایم پی ڈی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دھان کی خریدی کے مراکز کا دورہ کرتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منا بڈی پروگرام کے تحت اسکولس میں اضافی جماعت کے کمروں کی تعمیرات اور بنیادی سہولتوں سے متعلق کاموں کی انجام دہی کریں۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی محترمہ پریتما سنگھ، ڈی آر او سرینواس، ضلع پریشد سی ای او وینکٹ سلیش، ڈی ایف او ترون کمار کے علاوہ دیہی عہدیداروں نے شرکت کی۔