تانڈور۔ 4 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خصوصی ووٹر فہرست نظرِ ثانی (SIR) کے عمل کو مکمل شفافیت، غیرجانبداری اور انتخابی ضابطوں کے مطابق انجام دیا جائے۔ بوتھ لیول افسران (BLOs) کی جانب سے طلب کردہ تمام ضروری دستاویزات ووٹر بروقت فراہم کریں تاکہ نظرِ ثانی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار تانڈور کی آر ڈی او انیتا نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر اہل شہری کے پاس صرف ایک ہی ووٹ ہونا چاہیے۔ اگر کوئی شخص دو مختلف مقامات پر ووٹ کے اندراج کی کوشش کرتا ہے تو بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی قانونی کارروائی کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ووٹر پر عائد ہوگی۔ہفتہ کے روز یالال تحصیلدار دفتر میں خصوصی ووٹر فہرست نظرِ ثانی کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیلدار گایتری، ڈپٹی تحصیلدار کرن کمار، ریونیو انسپکٹر شیو چرن، سینئر اسسٹنٹ نوین اور دیگر متعلقہ عہدیداران شریک تھے۔ آر ڈی او انیتا نے ایس آئی آر عمل کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے بی ایل اوز کو ہدایت دی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر ووٹروں کی تفصیلات کا باریک بینی سے جائزہ لیں، ہر اہل شہری کا نام ووٹر فہرست میں شامل کرائیں اور نااہل، دوہرے اندراج والے یا وفات پاچکے افراد کے نام انتخابی قواعد کے مطابق شفاف انداز میں حذف کیے جائیں۔بعدازاں انھوں نے ایس آئی آر عمل کا معائنہ کیا اور فیلڈ سطح پر انجام دی جانے والی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اس عمل کو ہر لحاظ سے کامیاب اور بے عیب بنایا جائے۔
کونسلر کے ساتھ مائنارٹی وائس پریسیڈنٹ محمد عبدالمقتدر بھی موجود تھے۔