ہلدوانی فسادات:اہم ملزم عبدالمالک اور معید کی ضمانت پر سماعت ملتوی

   

نینی تال، 05 جون (یواین آئی) ہلدوانی فسادات کے اہم ملزم عبدالمالک اور اس کے بیٹے عبدالمعید کی ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی گئی۔ ملزم محمد فیاض کی ضمانت جمعرات کو ہائی کورٹ نے منظور کر لی۔سینئر جسٹس منوج کمار تیواری اور جسٹس پنکج پروہت کی بنچ نے آج ہلدوانی فسادات کے دو درجن سے زیادہ ملزمین کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ان میں مرکزی ملزم عبدالمالک اور اس کے بیٹے عبدالمعید کی درخواست ضمانت بھی شامل تھی۔ تمام کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے ) کے تحت مقدمات درج ہیں۔ عبدالمالک کی درخواست ضمانت پر سماعت آج نہ ہوسکی اور اسے آئندہ سماعت تک ملتوی کردیا گیا۔ ڈویژن بنچ نے آج عبدالمعید کی تین درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کی۔ملزم کی جانب سے دلیل دی گئی کہ وہ فساد کی سازش میں ملوث نہیں تھا۔ وہ 8 فروری 2024 کو شہر سے باہر تھا۔ اسے غلط طور پر پھنسایا گیا ہے ۔عدالت نے ملزم کے وکیل کی جانب سے دیے گئے دلائل کو فی الوقت مسترد کرتے ہوئے سماعت کیلئے 30 جون کی تاریخ مقرر کی۔
اسی طرح عدالت نے فساد میں ملوث ملزم محمد نجم اور شارق صدیقی کی ضمانت منظور نہیں کی۔عدالت نے آج محمد فیاض کی ضمانت منظور کر لی۔ فساد میں ملوث ملزم فیاض کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج ہے ۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس کی کوئی مجرمانہ تاریخ نہیں ہے ۔ ملزم گزشتہ سال 11 فروری سے جیل میں ہے ۔ڈیویژن بنچ نے بالآخر انہیں ضمانت دے دی۔ عدالت نے دیگر تمام مقدمات کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی۔