گلبرگہ ۔ 27 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہلکٹہ شریف نزد واڑی جنکشن میں نورِ نگاہ کریم حضرت خواجہ سید محمد بادشاہ قادری چشتی یمنی قدیرؒ کے 49 ویں سالانہ عرس شریف کی سہ روزہ تقاریب 29 جون سے یکم جولائی تک بصد عقیدت و احترام عظیم الشان پیمانے پر منعقد ہوں گی ۔ سجادہ نشین ہلکٹہ شریف حضرت مولانا الحاج خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی المعروف بہ ترابؔ قدیری صندل مالی ، تمام مراسم و انتظامات انجام دیں گے ۔حضرت مولاناحافظ سید شاہ محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ گلبرگہ شریف اور حضرت سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی المعروف عقیل بابا سجادہ نشین روضہ منورہ خوردؒ گلبرگہ عرس شریف میں جلوہ افروز ہوں گے ۔ حضرت تراب قدیری نے بتایا کہ حضرت سید محمد بادشاہ قادری چشتی یمنی قدیرؒ کے 49 ویں سالانہ عرس قدیر کی تقریبات کا انعقاد حسب روایت آستانہ قادریہ قدیریہ ہلکٹہ شریف ، نزد واڑی جنکشن ، ضلع گلبرگہ شریف (کرناٹک ) میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جارہا ہے ۔ عرس شریف کی تقریبات کا آغاز 13 محرم الحرام مطابق 29 جون بروز پیر کو صندل مبارک سے ہوگا جو حیدرآباد سے خصوصی ٹرین کے ذریعہ واڑی جنکشن پہنچے گا ۔اس موقع پر بعد نماز عصر ریلوے اسٹیشن واڑی جنکشن پر سجادہ نشین ہلکٹہ شریف صندل مبارک لے کر آنے والی ٹرین کا والہانہ استقبال و خیرمقدم کریں گے اور روایتی تقریب منعقد ہوگی ۔ بعد ازاں محفل سماع ہوگی اور جلوس صندل برآمد ہوگا جو بعد نماز فجر آستانہ قدیریؒ ہلکٹہ شریف پہنچے گا جبکہ بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ میں جلسہ عظمت اولیاء اور سیرت بزرگانِ دین کاانعقاد عمل میں آئے گا ۔ 14 محرم الحرام مطابق 30جون بروز منگل چراغاں کی تقریب منعقد ہوگی ۔اسی روز خصوصی جلسہ قرأت و نعت کا انعقاد کیا جائے گا ۔ عرس شریف کی اختتامی تقریب 15محرم الحرام مطابق یکم جولائی بروز چہارشنبہ محفل قل شریف منعقد ہوگی ۔ بعد نماز عشاء خصوصی دعا ، فاتحہ خوانی اور سلام پیش کیا جائے گا ۔ عرس شریف کے موقع پر زائرین کیلئے قیام و طعام اور دیگر سہولیات کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے عقیدتمندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کرکے اولیائے کرام کی تعلیمات ، محبت و اخوت ، رواداری اور خدمتِ خلق کے پیغام کو عام کریں۔