ہم، لبنان کو دوسرا غزہ نہیں بننے دیں گے:ایران

   

تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مغربی ممالک اسرائیل کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ تعاون فراہم کر رہے ہیں اور حزب اللہ اکیلے اسرائیل کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے امریکہ کے شہر نیویارک میں موجود پزشکیان نے سی این این ٹیلی ویڑن سے گفتگو میں خطے میں اسرائیلی جارحیت کے ممکنہ نتائج پر تبصرہ کیا ہے۔پزشکیان نے کہا ہے کہ ہم، لبنان کو اسرائیل کے ہاتھوں میں ایک اور غزہ بننے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ حزب اللہ ایک ایسے نظام کا اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی جسے مغربی ممالک، یورپی ممالک اور امریکہ جدید ترین ہتھیاروں سے حمایت کر رہے ہیں۔ایران کے صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر اسرائیل کے حملے نہیں روکے گئے تو خطے میں ایک وسیع تر جنگ شروع ہو جائے گی۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کل صبح سے لبنان کے جنوبی شہروں کے ساتھ ساتھ بقاع اور بعلبک کے علاقوں پر سیکڑوں فضائی حملے کر چکی ہے۔لبنان وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ان حملوں میں 558 افراد ہلاک اور 1,600 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ملک کے جنوبی علاقوں سے دارالحکومت بیروت اور شمال کی طرف نقل مکانی کی لہر جاری ہے۔