ہمارے لیڈران کو جیل کی دھمکی دی جا رہی: ادھو ٹھاکرے

   

ممبئی: شیوسینا۔یو بی ٹی لیڈر ابھیشیک گھوسالکر کو ممبئی میں فیس بک لائیو کے دوران قتل کرنے کے بعد شیو سینا یو بی ٹی کے رہنما امن و امان کی صورتحال کو لے کر حکمران اتحاد پر حملے کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ ان کی پارٹی کے رہنماؤں کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے جو غنڈہ گردی جاری ہے اور کھلے عام قتل ہو رہے ہیں، پولیس کچھ نہیں کر رہی ہے، کیونکہ ان پر دباؤ ہے۔ یہ بڑی بے شرمی کی بات ہے، ای ڈی ہو، سی بی آئی ہو یا انکم ٹیکس، سنجے راوت، انیل پرب سمیت ہمارے لوگوں کو ان کی طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ یا تو آپ بی جے پی میں شامل ہو جائیں یا جیل چلے جائیں!‘‘ شیو سینا۔یو بی ٹی کے سربراہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ راضی نہیں ہوتے تو وہ کیا جاتا ہے جو ہمارے سدھیر مورے کے ساتھ کیا گیا اور پھر ان کا کیس بند کر دیا گیا۔ یہ (گھوسالکر) کیس بھی بند ہو جائے گا۔ جس نے بھی قتل کیا اور خودکشی کی اس کا مقدمہ بند کر دیا جائے گا۔ اس کے پیچھے کوئی تھا یا نہیں، معلوم نہیں چل سکے گا۔ ان کی ہمت اچانک اتنی بڑھ گئی ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کسی کو ہتھیار ملا ہو۔ کیا مورس نے گولی چلائی یا کسی اور نے فائر کی؟‘‘