ہماچل میں بادل پھٹنے سے تباہی، کئی لاپتہ

   

شملہ: ہماچل پردیش کے ضلع کُلو میں منیکرن کے قریب بدھ کو بادل پھٹنے سے کم از کم چار سے چھ افراد لاپتہ ہوگئے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ گرودیو سنگھ نے یہ اطلاع دی۔ مسٹر سنگھ نے کہا، “یہاں، منیکرن وادی کے چوجھ گاؤں میں موسلا دھار بارش اور بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب میں چار سے چھ لوگ اور کئی مویشی بہہ گئے “۔دریں اثنا کسول-جیمالا روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ایک ریسکیو ٹیم چلال پنچایت کے چوجھ گاؤں کے راستے میں پھنس گئی ہے ۔ ریسکیو آپریشن کے لیے فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔شملہ میں بھی موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے ، جہاں دھلی سرنگ کے قریب مٹی کا تودہ گرنے سے ایک بچے کی موت ہوگئی اور دودیگر زخمی ہو ئے ہیں۔ اس کے علاوہ کلّو ضلع کی ٹی بھونتر تحصیل کے ملانا پروجیکٹ-II میں صبح 7.35 بجے اچانک سیلاب کی وجہ سے 25 سے 30 مزدورایک عمارت کے اندر پھنس گئے تھے ۔ سب کو بحفاظت بچا لیا گیا۔