ہمہ جہتی ترقی کیلئے مل جل کر کام کرنے کی خواہش

   


ضلع کلکٹر نارائن پیٹ ہری چندنا کا تہنیتی تقریب سے خطاب
نارائن پیٹ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا ( آئی اے ایس ) کی نارائن پیٹ ضلع میں کلکٹر کی حیثیت سے تقرر کے ایک سال کی تکمیل پر کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع کے تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کی ایک سالہ کامیاب کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک سالگرہ کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام محکموں کو ہم آہنگی اور تال میل کے ذریعہ ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کاموں کو آگے بڑھانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ نارائن پیٹ ایک پسماندہ ضلع ہے۔ لیکن اس ضلع کو ریاست میں ایک اچھا ضلع کے طور پر متعارف کروانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے نارائن پیٹ ضلع کے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی ملازمت اور بالخصوص کوویڈ 19 کے دوران تمام ماتحت عہدیداروں اور ملازمین نے ان کے ساتھ بہترین تعاون کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نارائن پیٹ بنیادی طور پر ایک قدرتی وسائل سے بھرپور ضلع ہے اس کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے یہاں کے عوام ، قائدین اور سرکاری عہدیدار مل جل کر کام کریں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں یہ ایک کامیاب ضلع ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر نارائن پیٹ چندرا ریڈی، اے او کلکٹر آفس جناب محمد خالد و دیگر اعلیٰ عہدیدار اور کلکٹر آفس کے ملازمین موجود تھے۔