تل ابیب: پیر کو حماس کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کو اگلے نوٹس تک ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد اسرائیل نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کے معاہدہ کی پاسداری کیلئے پرعزم ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت غزہ معاہدہ کی کسی بھی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ حکومت غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کیلئے پرعزم ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا حماس کا اعلان جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انھوں نے اعلان کیا کہ انھوں نے فوج کو غزہ میں تیاری کے اعلیٰ ترین سطح پر رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ایک اسرائیلی عہدیدار نے کہا ہے کہ غزہ معاہدے کا خاتمہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کی حوالگی کا عمل معطل کرنا ایک بحران ہے جسے حل کیا جاسکتا ہے۔یہ پیش رفت پیر کے روز حماس کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کو اس وقت تک ملتوی کردیا گیا ہے جب تک اسرائیل اس معاہدے کی تعمیل نہیں کر لیتا۔القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے پیر کو ایک بیان میں تصدیق کی کہ حماس نے تبادلے کو اگلے اطلاع تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔