ہم ہندوستان کی معیشت کو بہتر بنائیں گے : سعودی عرب

,

   

پیٹروکیمیکلس ، مائیننگ ، مینوفیکچرنگ ، زراعت اور دیگر شعبوں میں 100 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری: محمد بن سلمان

نئی دہلی : سعودی عرب نے کہا کہ وہ ہندوستان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے سرمایہ کاری کرے گا ۔ سعودی عرب تیل برآمدات میں دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے ۔ ہندوستان میں اپنے سرمایہ کاری منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس بحران کی وجہ سے ہندوستان کی معیشت پر برا اثر پڑا ہے ۔ گزشتہ سال فبروری میں سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب ہندوستان کی پیٹروکیمیکلس ، ریفائننگ ، انفراسٹرکچر ، مائننگ ، مینوفیکچرنگ ، زراعت اور دیگر کئی شعبوں میں 100 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ ہندوستان میں سرمایہ کاری کا ہمارا منصوبہ برقرار ہے ۔ سعودی عرب ، ہندوستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔دہشت گردی سے نمٹنے ، معلومات کے تبادلے ، اہم شعبوں میں تربیت کیلئے تعاون اور دفاعی و سلامتی شعبوں میں دونوں ملکوں کی اہم شراکت داری کا تذکرہ کرتے ہوئے محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کی معیشت کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ہندوستان کے فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نروانے کے گزشتہ ہفتہ دورہ سعودی عرب کے تعلق سے تبصرہ کئے بغیر سعودی سفیر برائے ہند سعود بن محمد السطی نے کہا کہ دونوں ممالک کے اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کونسل نے کئی اہم شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کئے ہیں ۔ جنرل نروانے نے اتوار کے دن رائل سعودی لینڈ فورس کے جنرل فہد بن عبداللہ محمد ال مطیر سے وسیع تر بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے خلیج ملک کے اپنے دو روزہ دورہ کا آغاز کرتے ہوئے باہمی فوجی تعلقات کو مضبوط بنایا ہے ۔ ہندوستانی فوجی سربراہ کا یہ پہلا دورہ تھا جس میں کئی دفاعی امور پر بات چیت کی گئی ۔ سعودی آرامکو نے بھی ہندوستان کے توانائی شعبہ میں سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے ۔ سعودی سفیر السطی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ہندوستان میں نئے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جارہے ہیں ۔ اس سے ورکرس اور آجرین کے درمیان تعمیری تعلقات قائم ہوئے اور سعودی عرب کو پرکشش جاب مارکٹ بنانے میں مدد ملے گا ۔