ہندوستانی بچوں میں موٹاپے کی شرح تشویشناک

   

نئی دہلی : حال ہی میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق ہندوستان میں 2022 ء میں 5 تا 19 سال کے بچوں میں موٹاپے کی شرح تشویشناک پائی گئی۔ اس رپورٹ کی اشاعت دی لانسیٹ جرنل میں عمل میں آئی تھی جو عالمی سطح پر تجزیہ کرنے والا ایک ادارہ ہے جس کے مطابق عالمی سطح پر 2022 ء میں زائد از ایک بلین افراد موٹاپے کا شکار رہے جبکہ 1990 ء سے 2022 ء کے دوران بالغ افراد میں موٹاپے کی شرح دوگنا پائی گئی جو آج تک عوام کے لئے چیالنج بنا ہوا ہے۔ خصوصی طور پر جنوب مشرقی ایشیاء اور سب سہارا افریقہ قابل ذکر ہیں۔ 2022 ء کے ہی ایک تجزیہ میں 44 ملین خواتین اور 26 ملین مرد موٹاپے سے پریشان پائے گئے جبکہ ہندوستان میں بالغ افراد میں موٹاپے کی شرح 1.2 فیصد (1990) سے بڑھ کر 2022 ء میں 9.8 فیصد ہوگئی۔ جہاں تک مذکورہ بالا عمر کے بچوں کا سوال ہے تو اس میں 1990 ء کی شرح (لڑکیوں کیلئے) 0.1 فیصد تھی جو 2022 ء میں بڑھ کر 3.1 فیصد ہوگئی جبکہ لڑکوں میں 0.1 فیصد سے بڑھ کر 3.9 فیصد ہوگئی۔ اگر تعداد کے مطابق دیکھا جائے تو 2022ء میں ہندوستان میں موٹاپے کا شکار بچوں کی تعداد 12.5 ملین تھی۔ موٹاپے کی سب سے بڑی وجوہات میں جنک فوڈ اور جنک مشروبات شامل ہیں۔