ہندوستانی نژاد جگمیت سنگھ کینیڈین پارلیمنٹ کے پہلے غیر سفید فام رکن

   

اٹاوہ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد جگمیت سنگھ نے کینیڈا میں اس وقت ایک سیاسی تاریخ رقم کی جب انہوں نے دارالعوام میں ایک اہم اپوزیشن پارٹی کے پہلے غیر سفید فام قائد ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پیر کے روز پگڑی باندھے ہوئے جگمیت سنگھ جب ایوان میں داخل ہوئے تو ان کا وہاں موجود دیگر ارکان نے تالیاں بجاکر خیرمقدم کیا۔ یہ ایک ایسا مبارک موقع تھا جب حسن اتفاق سے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں ایک سینئر خاتون رکن کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ 40 سالہ جگمیت سنگھ نیوڈیموکریٹک پارٹی کے قائد ہیں۔ ان کا انتخاب 25 فروری کو وفاقی ضمنی انتخابات کے انعقاد کے بعد عمل میں آیا تھا۔ ایک منتحبہ قانون ساز کی حیثیت سے انہوں نے سب سے پہلے جوبات کہی وہ نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں جان بحق ہوئے مسلمانوں کے تئیں اظہار یگانگت کی تھی۔