ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آج رقم کریں گے تاریخ، اپنے نام کریں گے ایک بڑا ریکارڈ، جانیے کیا ہے پورا معاملہ 

,

   

نئی دہلی : بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے بعد گزشتہ 14 ماہ تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک بھی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ۔ انہوں نے افغانستان کے خلاف میچ سے ٹی ٹوئنٹی میں واپسی کی, اب دوسرے ہی میچ میں شاندار تاریخ رقم کریں گے۔ ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا میچ جیتنے کے بعد روہت شرما کی نظریں دوسرے میچ میں جیت کر سیریز پر قبضہ کرنے پر ہوں گی۔ اس میچ میں اترنے کے ساتھ ہی جیت سے پہلے ہندوستانی کپتان ایک ایسا ریکارڈ بنائیں گے جو اس سے پہلے کسی کھلاڑی نے نہیں بنایا۔

بھارتی ٹیم تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ اتوار 14 جنوری کو ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما تاریخ رقم کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔ ان کے پاس نہ صرف سیریز جیتنے کا موقع ہوگا بلکہ وہ ایک ایسا ریکارڈ بھی بنانے جا رہے ہیں جو پہلے کبھی کسی نے نہیں کیا تھا۔ اس لیجنڈری کرکٹر کے پاس سب سے زیادہ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا ریکارڈ ہے لیکن اس میں مزید بہتری لاتے ہوئے وہ ایک ایسا ہنددسہ چھونے جا رہے ہیں جس تک اس سے پہلے کوئی نہیں پہنچا۔

ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما دنیا میں سب سے زیادہ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ اب وہ اس میں مزید بہتری لانے جا رہے ہیں اور 150 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بننے جارہے ہیں۔ 2007 میں اس فارمیٹ میں ہندوستان کے لئے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اس کھلاڑی نے اب تک کل 149 میچ کھیلے ہیں۔ اس فہرست میں 134 میچز کھیلنے والے آئرلینڈ کے پال اسٹارلن کا نام دوسرے نمبر پر ہے۔ تیسرے نمبر پر آئرلینڈ کے جارج ڈوکریل ہیں جنہوں نے 128 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔