ہندوستان سے ایک سال میں 26.6 بلین ڈالر مالیت کے اسمارٹ فونس کی برآمدات

   

امریکہ 14.36 بلین ڈالر کا خریدار، متحدہ عرب امارات اور چین میں بھی ہندوستان میں تیار کردہ موبائیل فونس کو ترجیح

حیدرآباد۔7 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) عالمی سطح پر الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں ہندوستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ ہندوستان میں تیار کئے گئے الیکٹرانک آلات کی دنیا بھر میں مانگ ہے اور حالیہ عرصہ میں ہندوستان میں تیار کردہ اسمارٹ فون دنیا بھرمیں مقبول ہوچکے ہیں۔ اپریل 2025 اور فروری 2026 کے درمیان 26.6 بلین ڈالر کے ہندوستانی اسمارٹ فون کی برآمدات کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ ہندوستان میں تیار کردہ اسمارٹ فون کے خریداروں میں امریکہ سرفہرست ہے جبکہ متحدہ عرب امارات ، نیدرلینڈ ، اٹلی ، چیک ریپبلک اور چین میں ہندوستانی اسمارٹ فون نے اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں ہندوستانی اسمارٹ فون کی مجموعی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد امریکہ کو برآمد کئے جارہے ہیں۔ الیکٹرانک مینوفیکچرنگ شعبہ کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات ، نیدرلینڈ ، چین اور دیگر ممالک نے ہندوستانی الیکٹرانک آلات اور خاص طور پر اسمارٹ فون کی خریدی میں مقامی افراد کی زیادہ دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ ہندوستان میں اسمارٹ فون کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا کیونکہ عالمی سطح پر سپلائی چین میں توسیع ہوئی ہے۔ الیکٹرانک آلات میں ہندوستان سے برآمدات میں اسمارٹ فون نے سبقت حاصل کرلی ہے۔ ماہرین کے مطابق الیکٹرانک کے شعبہ میں ہندوستان نے بہتر صلاحیتوں اور نقائص سے پاک آلات کی تیاری میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ اسمارٹ فون کی مجموعی برآمدات 26.6 بلین ڈالر درج کی گئی جن میں امریکہ 14.36 بلین ڈالر کے اسمارٹ فون حاصل کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات 2.45 بلین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیدرلینڈ 1.91 بلین ڈالر مالیتی اسمارٹ فون ہندوستان سے حاصل کر رہا ہے۔ محض ایک سال کے عرصہ میں ہندوستان میں تیار کردہ موبائیل فونس نے عالمی سطح پر اپنی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ الیکٹرانک کے شعبہ میں دنیا بھر میں اپنی شناخت رکھنے والے ممالک میں بھی ہندوستانی الیکٹرانک آلات نے اپنی علحدہ شناخت بنائی ہے۔1/k