ہندوستان نے نیوزی لینڈ سے پہلا مقام چھین لیا

   

نئی دہلی۔ دو مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) درجہ بندی میں سرفہرست مقام پر پہنچ گئی ہے کیونکہ نیوزی لینڈ ویلنگٹن ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد نمبر2 پر کھسک گیا ہے۔ ویلنگٹن ٹسٹ کے آغاز سے قبل نیوزی لینڈ چار میچوں میں 36 پوائنٹس اور پوائنٹس فیصد 75 کے ساتھ جدول پر سرفہرست تھی لیکن اپنی 172 رنزکی بڑی شکست کے بعد 2021 کے ڈبلیو ٹی سی چمپئنز60 پوائنٹس فیصد کے ساتھ نمبر 2 پر پہنچ کر پہلے مقام سے محروم ہوگئے۔ ہندوستان جو 8 میچوں میں 62 پوائنٹس کے ساتھ نمبر2 پر تھا، 64.58 نشانات کے فیصد کے نیوزی لینڈ سے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ آسٹریلیا تیسرے مقام پر برقرار ہے، ویلنگٹن میں جیت کے ساتھ 12 اہم نشانات حاصل کر کے ان کے جملہ نشانات کی تعداد 66 سے 78 ہوگئی ہے۔ ان کے نشانات کا تناسب بھی 55 سے بڑھ کر اب 59.09 ہوگیا ہے۔ موجودہ چمپئنز کے پاس نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ جیتنے کی صورت میں نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑنے اور دوسرے نمبر پر پہنچنے کا موقع ہے۔ دونوں ٹیمیں اگلے مقابلے میں کرائسٹ چرچ میں مدمقابل ہوں گی اور یہ آخری ٹسٹ 8 مارچ کو شروع ہوگا۔ اگر انگلینڈ نے7 مارچ کو شروع ہونے والے دھرم شالہ ٹسٹ میں ہندوستان کو شکست دی تو آسٹریلیا بھی پہلے مقام پر پہنچ سکتا ہے۔