ہندوستان پہلی بار بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چمپئن

   

فائنل میں تھائی لینڈ کو شکست ‘پی وی سندھو، انمول کھرب کا شاندار مظاہرہ
شاہ عالم: ہندوستانی خاتون ٹیم نے اتوار کو بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چمپئن شپ 2024 کے فائنل میں تھائی لینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر تاریخی طلائی تمغہ جیتا۔ملائیشیا کے شاہ عالم میں آج کھیلے گئے فائنل میں انمول کھرب نے فیصلہ کن مقابلے میں خود سے زیادہ رینک والے حریف کو شکست دے کر ایک بار پھر دلچسپ فتح دلائی۔دو بار کی اولمپک تمغہ یافتہ اور عالمی نمبر 11 پی وی سندھو نے 17 ویں رینک کی سوپانیڈا کیتھونگ کو 21-12، 21-12 سے شکست دے کر شاندار شروعات کی۔ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی اپنے ابتدائی سنگلز میچ میں تھائی کھلاڑی پر حاوی رہیں۔ انہوں نے 39 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں تھائی لینڈ کی سوپانیڈا کیتھونگ کو شکست دی۔ کیتھونگ کے خلاف آٹھ میچوں میں سندھو کی یہ پانچویں جیت ہے ۔دوسرے راؤنڈ میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔عالمی نمبر 23 ہندوستانی بیڈمنٹن جوڑی نے 10 ویں رینک کے جونگ کولفان کتیتھاراکول اور رویندا پرجونگجائی کو 21-16، 18-21، 21-16 سے ہرا کر ہندوستان کو 2-0 کی برتری دلائی۔اس کے بعد دوسرے سنگلز میچ میں اشمیتا چالیہا کو تھائی لینڈ کی کھلاڑی کے خلاف 21-11، 21-14 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پریا کونجینگبم اور شروتی مشرا بینیاپا کو ایمسارڈ اور ننٹاکرن ایمسارڈ سے 21-11، 21-9 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس سے یہ مقابلا فائنل میچ تک چلا گیا۔لیکن ایک بار پھر 17 سالہ انمول کھرب نے فیصلہ کن مقابلے میں عالمی نمبر 45 پورنپیچا چوئی وونگ کے خلاف 21-14، 21-9 سے فتح درج کرکے ہندوستان کو تاریخی فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ براعظمی مقابلے کی تاریخ میں ہندوستان کا یہ پہلا خطاب ہے ۔ مردوں کی ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم نے اس سے قبل 2016 اور 2020 میں دو بار کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔