ہندوستان چاند، سورج اور تاروں کو چھونے کیلئے تیار ہے : راجناتھ

   

نئی دہلی: مرکزی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے چندریان ۔ 3کی کامیابی پر بحث کے دوران آج لوک سبھا میں کہا کہ ہندوستان چاند ،سورج اور تاروں کو چھونے

کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندریان ۔ 3 کی کامیابی محض ایک شروعات ہے مستقبل قریب میں ہم اسپیس کے مزید نئے مشنوں کو انجام دینے جارہے ہیں۔ خلا میں کئی اہداف ہمارا انتظار کر رہے ہیں۔ راجناتھ نے کہا کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ اور دولت مند ممالک اپنے اپنے چندریان مشن کی کامیابی کیلئے آج بھی کوشاں ہیں لیکن ہندستان کی پہلے چندریان ۔ 3 کی شاندار کامیابی اور اس کے چند دن بعد ہی آدتیہ ایل ۔ 1کی کامیابی نے اس کا سر فخر سے اونچا کردیا ہے ، جس کیلئے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے سائنسداں قابل مبارکباد ہیں جن کی انتھک کوششوں سے ملک کو یہ کامیابی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندریان ۔ 3کی کامیابی کی وجہ سے ہندوستان کا پوری دنیامیں صف اول کے ملکوں میں شمار کیا جانے لگا ہے اور دنیا ہندوستان کو ایک برتر ملک کے نظریے سے دیکھنے لگی ہے ۔ وزیردفاع نے کہا کہ اسپیس سائنس ، سائنس کا افضل ترین ایریا سمجھا جاتا ہے ،جس کا ٹاپ کلاس ایکو سسٹم ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سانئنٹفک ایکوسسٹم کو مضبوط بنانے میں ملک کے سائنسدانوں اور کروڑوں لوگوں نے جس لگن اور محنت سے کام کیا ہے ، وہ آج شیپ لینے لگا ہے ہمارے سا ئنسدانوں کی انتھک کوششوں کی وجہ سے خلائی سائنس میں ہندوستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سائنسدانوں کی کامیابی سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارے بچوں کی تعلیم، اسکول، کالج ، یونیورسٹی اور ان میں پڑھانے والے اساتذہ کتنے معیاری ہیں۔ راجناتھ نے کہا کہ ہمیں ایکو سسٹم پر مبنی سائنسی اداروں کے ساتھ ساتھ ایکوسسٹم والی انڈسٹری کی بھی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس لحا ظ سے ہم خوش قسمت ہیں کہ سائنس اور کلچر زمانہ قدیم سے ہمیں وراثت میں ملا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائنس کے بغیر کلچر ادھورا اور کلچر کے بغیر سائنس نامکمل ہے ، یعنی دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اسپیش مشن سے عام لوگوں کی زندگی پر خاطرخواہ اثر پڑتا ہے ۔ خلائی مشن سے ہی بارش، طوفان، سمندری طوفان اور موسمیات سے متعلق پیشگی اطلاع ہمیں ملتی ہے ۔ انہوں نے خاتون سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چندریان ۔ 3 کو کامیابی دلانے اور خلائی سائنس میں خاتون سائنسدانوں کا بھی اہم رول رہا ہے ۔ جن کی بڑی تعداد نے انتہائی لگن اور محنت سے اس مشن کو آگے بڑھایا ہے ۔