ہندوستان کا جولائی میں5 ٹی20 مقابلوں کیلئے دورۂ زمبابوے

   

نئی دہلی۔ زمبابوے کرکٹ (زیڈ سی) اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے منگل کو اعلان کیا کہ زمبابوے جولائی میں پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے ہندوستان کی میزبانی کرے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز6 سے 14 جولائی تک ہرارے کے ہرارے اسپورٹ کلب میں کھیلی جائے گی۔ زمبابوے کرکٹ کے بیان میں کہا گیا کہ اس دورے کی تصدیق زیڈ سی اور بی سی سی آئی کے درمیان نتیجہ خیز بات چیت کے بعد ہوئی ہے، جس کا بنیادی مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا اور دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ زیڈ سی کے چیئرمین تے ونگوا نے کہا ہم جولائی میں ایک ٹی20 سیریز کے لیے ہندوستان کی میزبانی کرنے پر بالکل پرجوش ہیں جو اس سال گھر میں ہماری سب سے بڑی بین الاقوامی توجہ کا مرکز ہوگا۔ میں ایک بار پھر زمبابوے کا دورہ کرنے کے لیے بی سی سی آئی کا بہت شکریہ کہنا چاہوں گا۔اس دورے کی اہمیت اور وسعت پر زیادہ زور نہیں دیا جا سکتا، خاص طور پر جب یہ ایک ایسے وقت میں آرہا ہے جب ہم کھیل کی اعلیٰ ترین سطح پر اپنے آپ کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ بی سی سی آئی جے شاہ نے کہا بی سی سی آئی نے ہمیشہ عالمی کرکٹنگ کمیونٹی میں حصہ ادا میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ زمبابوے کی تعمیر نوکا دور ہے اور زمبابوے کرکٹ کو اس موڑ پر ہمارے تعاون کی ضرورت ہے۔ شیڈول: پہلا مقابلہ 6 جولائی، دوسرا مقابلہ 7 جولائی اور تیسرا مقابلہ 10 جولائی ، چوتھا مقابلہ 13 جولائی اور 14 جولائی کو پانچواں ٹی ٹوئنٹی مقابلہ ہوگا۔