ہندوستان کا 6 وائٹ بال مقابلوں کیلئے دورۂ سری لنکا کا اعلان

   

نئی دہلی۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ ہندوستان اگلے سال 4 سے 30 جون تک امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد جولائی سے اگست 2024 میں چھ میچوں کی وائٹ بال سیریز کے لیے ملک کا دورہ کرے گا۔ ایس ایل سی کی طرف سے جاری کردہ مردوں کے بین الاقوامی کیلنڈر کے مطابق، سری لنکا 2024 میں 52 میچ کھیلے گا، جن میں 10 ٹسٹ، 21 ونڈے اور21 ٹی 20 شامل ہیں۔ سری لنکا اپنے بین الاقوامی کیلنڈر کا آغاز جنوری میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز سے کرے گا، جو تین ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہوگی۔ اس کے بعد افغانستان کے خلاف جنوری سے فروری کے عرصے کے دوران ایک سیریزکھیلی جائے گی، جس میں ایک ٹسٹ میچ، تین ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔ اس کے بعد ٹیم 2024 مینزٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز اور امریکہ جانے سے پہلے تمام طرز کی کرکٹ کے دورے کے لیے بنگلہ دیش جائے گی۔ وائٹ بال میچوں کے لیے ہندوستان کی میزبانی کے بعد، سری لنکا تین ٹسٹ کے لیے انگلینڈ کا سفر کرے گی اور اس کے بعد ستمبر میں نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی۔ ویسٹ انڈیز اکتوبر میں سری لنکا میں تین ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے آئے گا، نیوزی لینڈ کے ساتھ اتنے ہی میچز کی میزبانی ہوگی۔ اس کے بعد سری لنکا دو ٹسٹ کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ جائے گا، اور اپنے سال کا اختتام نیوزی لینڈ میں تین ونڈے اور تین ٹی20 کھیل کر کرے گا۔ ہم ایک انتہائی دلچسپ سال کی طرف جا رہے ہیں جس میں بہت ساری بین الاقوامی کرکٹ کھیلی جانی ہے، جو ہمارے لیے خوش آئند ہے، کیونکہ ہماری ٹیم مسابقتی کرکٹ سال میں مصروف ہوگی۔ سری لنکا کرکٹ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے مزید کہا ہے کہ یہ مواقع، شائقین کی تفریح اور ہمارے اسپانسرز کی شاندار نمائش ہوں گے ۔