کینٹبری۔ افتتاحی میچ میں شاندار جیت کے ساتھ پراعتماد ہندوستانی ٹیم 23 سال بعد برطانوی سرزمین پر پہلی سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی اور یہاں چہارشنبہ کو خواتین کے دوسرے ونڈے انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے خلاف اپنی جیت کی مہم جاری رکھنے کی خواہاں ہوگی۔ ٹی20 سیریز میں1-2 سے شکست کھانے کے بعد، ہرمن پریت کور کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے اتوار کو ہوو میں پہلے ونڈے میں سات وکٹوں سے زبردست جیت درج کرنے کے لیے شاندار واپسی کی۔ انگلینڈ کو اپنے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہورہی ہے لیکن پہلے میچ میں ہندوستان ہر شعبے میں بہتر نظر آیا اور وہ رفتار برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔ ہندوستان نے 1999 میں ونڈے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔ تب انجم چوپڑا نے سنچری اور نصف سنچری اسکور کی تھی۔ یہ جھولن گوسوامی کی وداعی سیریز بھی ہے۔ اس کے بعد ہندوستان کو جون 2023 تک کوئی ونڈے میچ نہیں کھیلنا ہے۔ جھولن نے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا اور پہلے میچ میں 10 اوور میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلے میچ میں ہندوستانی نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے 99 گیندوں پر91 رنزکی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر یاستیکا بھاٹیا نے بھی نصف سنچری اسکورکی۔ کپتان ہرمن پریت نے ناقابل شکست 74 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مڈل آرڈرکی اچھی کارکردگیکے علاوہ، ہندوستانی کپتان کو اوپنر شفالی ورما سے ایک بڑی اننگز کی توقع ہوگی، جنہوں نے 10 سے زیادہ اننگز میں ایک نصف سنچری نہیں بنائی ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کو اپنے بیٹروں سے بڑی اننگز کی امید ہوگی۔ وہ صوفیہ ڈنکلے پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں جنہوں نے ٹی20 سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔