ہندوستان کو وائٹ واش شکست ہوگی : کلارک

   

سڈنی۔ ہندوستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش کی پیش قیاسی ہونے لگی ہے اور آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے خبردارکیاکہ اگر ویراٹ کوہلی نے بچے کی پیدائش کیلئے وطن واپسی سے قبل محدود اوورزکی سیریز میں ٹیم کو فتح نہ دلائی تو ٹسٹ سیریز میں 4-0 سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔واضح رہے کہ کوہلی 3 ٹی 20 اور تین ونڈے میچز اور ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔کلارک نے کہا کہ اگر میزبان ٹیم نے محدود اوورزکے میچز جیت لئے تو ٹسٹ سیریز میں مہمان ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔یادرہے کہ ہندوستان ٹیم اس وقت آسٹریلیا میں ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان جمعہ کو تین ونڈے مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا ۔آسٹریلیائی ٹیم میں وارنر اور اسمتھ کی واپسی کے علاوہ میچل اسٹارک اورپیٹ کمنس کی موجودگی میزبان ٹیم کو طاقتور بناتی ہے۔